نواز شریف توبہ و استغفار کریں،سراج الحق
لاہور...امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کچھ لوگ نادیدہ قوتوں سے مقابلہ کی بات کر کے اپنا وزن بڑھانے اور عوام کی ہمدردیاں لینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ایم ایم اے کا مقابلہ سیکولر لبرل طبقہ اور کرپشن سے ہے ۔13مئی کو مینار پاکستان پر ایم ایم اے کا جلسہ تاریخی ہوگا ۔ گجرات میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ابھی دینی جماعتوں کے اتحاد نے چلنا بھی شروع نہیں کیا ۔ مخالفین نے سنگ باری شروع کردی ۔ جب دینی جماعتیں اکٹھی ہوتی ہیں تو مخالفین کہتے ہیں کہ اسلام آباد کے لئے اکٹھے ہو ئے ہیں اور جب متحد نہ ہوں تو کہتے ہیں کہ ان کا آپس میں اتفاق نہیں ۔ امیر جماعت نے کہاکہ میں پوچھتاہوں کہ کسی مذہبی لیڈر کا نام پانامہ لیکس میں آیا ؟قرضے معاف کرانے والوں یا نیب کے مقدمات میں بھی کسی مذہبی لیڈر کا نام نہیں اور نہ کسی اور ا سکینڈل میں مذہبی شخصیات کا نام ہے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے ساتھ خیبر پی کے میں حکومتی اتحاد تھا ، پالیسی پر اتحاد نہیں تھا ۔انہوں نے نے کہاکہ ملک میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال ہے ۔ ایک سوال انہوںنے کہاکہ نوازشریف کو اللہ نے موقع دیاہے کہ توبہ و استغفار کریں ۔