وفاقی وزیر مذہبی امور و ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ رواں برس سرکاری حج سکیم کے تحت 90 ہزار عازمین سعودی عرب جائیں گے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اتوار کو لاہور میں حاجی کیمپ حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج پروازوں کا آغاز 29 اپریل سے ہو گا،عازمین حج کے لیے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
عمرہ وعازمینِ حج کے لیے اردو سمیت متعدد زبانوں میں ڈیجیٹل گائیڈNode ID: 887921
-
پی آئی اے نے 29 اپریل سے حج آپریشن کا اعلان کر دیاNode ID: 887983
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے مختلف اضلاع میں عازمین حج کو تربیت دی جا رہی ہے، حج ٹریننگ کا پہلا مرحلہ رمضان سے قبل مکمل کر لیا گیا تھا جبکہ دوسرا مرحلہ آٹھ مئی سے پنجاب یونیورسٹی میں منعقد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے دورہ کا مقصد لاہور میں حج انتظامات کا جا ئزہ لینا تھا کیونکہ عازمین حج کی ایک بڑی تعداد یہاں سے روانہ ہو گی۔ حاجی اللہ کے مہمان ہوتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ حج کے حوالے سے ایسے انتظامات کیے جائیں تاکہ اللہ کے مہمانوں کی خد مت میں کوئی کسر نہ رہ جائے۔ حجاج کرام کی خد مت وزارت مذہبی امور کی ذمہ داری ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ حجاج کی ویکسینیشن اور متعلقہ معلومات سمیت دیگرضروریات کے حوالے سے مزید ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ دو ماہ میں حجاج کے لیے فقیدالمثال انتظامات کیے جائیں اور اس حوالے سے میں نے سعودی عرب میں حج وزارت کے ذمہ داران سے میڈیکل، ٹرا نسپورٹ اور رہائش سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی ہے، اور اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف کو بھی بریفنگ دی ہے۔