سعودی قیادت کا صدر ہند سے اظہار تعزیت و ہمدردی
جدہ... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شمالی ہند میں گردو غبار کے طوفان سے ہونے والے جانی نقصان پر ہندوستانی صدر رام ناتھ کووند سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ طوفان میں درجنوں افراد ہلاک ا ور زخمی ہوگئے تھے۔ شاہ سلمان نے صدر ہند کے نام اپنے پیغام میں تحریر کیا کہ شمالی ہند میں آنےوالے طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں کی خبر سن کر تکلیف ہوئی۔ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ شریک ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں، ہندوستان کے دوست عوام اور خود آپ سے سعودی عوام و حکومت اور خود اپنی جانب سے انتہائی ہمدردی اور تعزیت کے جذبات کا اظہار ضروری سمجھتا ہوں۔ ہماری آرزو ہے کہ زخمی جلد از جلد شفایاب ہوجائیں۔ ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی صدر ہند کے نام اسی مضمون پر مشتمل تعزیت و ہمدردی کا پیغام ارسال کیا ہے۔