موسیقی، زراعت، تعلیم اور تعمیرات، الحایر جیل کے قیدیوں کے دلچسپ مشغلے
ریاض.... ریاض کی الحایر جیل کے قیدیوں نے قید وبند کی صعوبتوں سے چھٹکارا حاصل کرنے اور جیل کے قیام کو بامقصد بنانے کیلئے مختلف قسم کے دلچسپ مشغلے اپنالئے۔ سعودی رپورٹر محمد الیوسی نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ جیل حکام قیدیوں کو انتہا پسندانہ افکار سے دستبردار ہونے اور دہشت گردانہ نظریات سے چھٹکارا حاصل کرنے میں تعاون دینے کیلئے مختلف دلچسپ مشغلوں میں قیدیوں کے ساتھ تعاون کا طریقہ اپنالیا ہے۔ مشاہدہ سے پتہ چلا ہے کہ بعض قیدی کارپینٹر بن گئے ہیں دیگر کھیتی باڑی میں لگے ہوئے ہیں۔ کئی ایسے ہیں جو اپنا وقت موسیقی میں لگائے ہوئے ہیں۔ جیل انتظامیہ نے قیدیوں کو اپنی مختلف صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور مختلف مشغلے اور ہنر سیکھنے کے لئے انتظامات کر دیئے ہیں۔ ایک نوجوان نے جیل میں کچے مکانات بنانے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ اس کے ساتھی قیدی کچی مٹی کی اینٹیں تیار کرکے اس کی مدد کررہے ہیں۔ جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ قیدی جیل کو اپنی زندگی کا اختتام نہ سمجھیں بلکہ جیل کے قیام کو بامقصد بنانے میں لگ جائیں تاکہ رہائی کے بعد معاشرے میں آنے پر باعزت روزگار کا سلسلہ ازخود شروع کرسکیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دسیوں قیدی بامقصد مشغلے اپنا کر اپنے انتہا پسندانہ افکار سے متنفر ہوگئے ہیں۔