پرندے نے ہرن کے منہ پر بیٹھ کر پریشان کردیا
لندن .....کہتے ہیں کہ آنکھ اوجھل پہاڑ اوجھل تو ٹھیک ہی کہتے ہیں کیونکہ اگر کوئی اپنی آنکھوں سے دیکھ ہی نہ سکے تو اسے کیا پتہ کہ اسکے آگے اور چاروں جانب کیا چیز موجود ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایک سیاہ فام پرندہ کہیں سے اڑتا ہوا مقامی نسل کے ایک ہرن کے منہ کے اوپر آکر بیٹھ گیا جس کی وجہ سے اس جانور کیلئے یہ مشکل ہوگیا کہ وہ اپنے آگے کچھ دیکھ سکے۔اتفاق سے یہ منظر ایک پیشہ ور فوٹو گرافر بھی دیکھ رہا تھا۔ جس نے موقع غنیمت جانتے ہوئے فوراً اسکی تصاویر اور وڈیو تیار کرلی۔ واضح ہو کہ اسٹیگ نامی ہرن سرخ فام ہوتا ہے اور یہ رچمنڈ پارک کے علاقے میں جہاں 630ہرن ریکارڈ کے مطابق موجود ہیں ان میں بڑی تعداد اسٹیگ نسل کے ہرنوں کی بھی ہے۔ موقع کی فوٹو گرافی رچمنڈ شہر میں رہنے والے فوٹو گرافر میکس ایلس نے کی ہے جنکا کہناہے کہ اس پرندے نے ہرن کی آنکھ کے بالکل سامنے جم کر بیٹھنے کی وجہ سے ہرن کو تقریباً نابینا بنادیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس وقت یہ پرندہ اس کے چہرے پر آکر بیٹھا اس نے اپنا کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ لوگوں کا کہناہے کہ اس تحمل اور قوت برداشت پر ہرن کی تعریف کی جانی چاہئے۔