شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل
جالندھر۔۔۔۔تھانہ صدر کے علاقے جنڈیالہ میں شوہر نے بیوی کا دھار دار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔تفصیلات کے مطابق بہار کی رہنے والی رنکی کی شادی 10ماہ قبل را ج کمار سے ہوئی تھی ۔ شادی کے بعد راج کمار اسے جنڈیالہ ساتھ لے آیا جہاں وہ اپنے ماموں زادبھائی کی دکان پر ملازمت کرتا تھا۔ راج کمار کا اپنی بیوی رنکی سے اکثر و بیشتر جھگڑا ہوا کرتا تھا تاہم جھگڑے کی اصل وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ قریبی ذرائع نے بتایا کہ راجکمارتوہم پرست ذہنیت کا حامل تھا گزشتہ روز راج کمار کا جھگڑا بیوی کے ساتھ اس نوبت کو پہنچ گیا کہ اس نے رنکی کو پنکھے سے لٹکا کر زدوکوب کیا اور دھار دار آلے سے اس کے جسم پرپے درپے وارکرنے کے بعد گلا کاٹ کر گھر سے فرار ہوگیا۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پرپہنچ گئی اورمقتولہ کی خون میں لت پت نعش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی۔ایس ایچ او سکھ دیو سنگھ نے کہا کہ واردات کے بارے میں مقتولہ کے گھروالوں کو مطلع کردیا گیا ہے تاہم قاتل کو گرفتار کرنے کے بعد ہی واقعہ کی حقیقت سامنے آئیگی۔ فی الحا قاتل کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔