مسلم یونیورسٹی میں لگے’’ آزادی ‘‘کے نعرے،وڈیو وائرل
علی گڑھ۔۔۔۔مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے طلبہ تنظیم کے ہال میں نصب بانی پاکستان محمد علی جناح کی تصویر ہٹائے جانے پر ہنگاموں کے دوران سوشل میڈیا پر وڈیو وائر ل ہورہی ہے جس میں آزادی کے نعرے لگاتے ہوئے طلباء نظر آرہے ہیں۔اس وڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے یہ اے ایم یو کا ہوسکتا ہے ۔ اس وڈیو میں مظاہرہ کرنے والے طلبہ نے ملک کے خلاف نعرے لگائے۔وڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بابائے سید گیٹ پر بنائی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ وڈیو کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور جلد اس کی حقیقت سے آگاہ کیا جائیگا۔ پولیس نےجناح کی تصویر کی توہین اورہنگامہ برپا کرنے کے الزام میں ہندونواز طلبا تنظیم کے رہنما امیت گوسوامی اور یوگیش واشنے کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ۔طلبہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کیخلاف’’ راسوکا‘‘ قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ اے ایم یو میں پھیلی کشیدگی کے پیش نظر امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں ۔یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا کہ امتحانا 12مئی سے شروع ہونگے۔اے ایم یو انتظامیہ نے 16رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو حالات کو ساز گار بنانے اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریگی۔