مکہ مکرمہ میونسپلٹی کا ریستورانوں کیخلاف تفتیشی دورہ
مکہ مکرمہ..... مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے مرکزی علاقے میں ریستورانوں کا تفتیشی دورہ کیا۔ رمضان المبارک کے دوران ٹھیلے لگانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ کھانے پینے کی اشیاءکے معیار اور نرخناموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میونسپلٹی کے سربراہ انجینیئر غازی الحربی نے بتایا کہ میونسپلٹی نے رمضان المبارک کے دوران مرکزی علاقے کی 24گھنٹے نگرانی کیلئے خصوصی تفتیشی ٹیمیں مقرر کردی ہیں۔ ریستورانوں کو اس بات کا پابند کیا گیاہے کہ وہ سحر و افطار میں معیاری غذا تیار کرنے کا اہتمام کریں ۔ نرخنامے کا بھی جائزہ لیکر اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ رمضان المبارک سے فائدہ اٹھاکر تاجر اشیاءکی قیمتیں نہ بڑھائیں۔ مرکزی علاقے میں غیرقانونی طور پر ٹھیلے لگانے والے 22افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بلدیہ نے مرکزی علاقے میں ٹھیلے لگانے کیلئے جگہ مختص کردی ہے اور اسکے لئے لائسنس جاری کرنے کا بھی اہتمام کیا ہے۔