ریاض الجنہ میں سعودی ماہرین کے تیار کردہ کارپٹ بچھا دیئے گئے
مدینہ منورہ.... مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے استقبال کیلئے ریاض الجنہ میں کارپٹ تبدیل کردیئے ہیں۔ پرانے کارپٹ کی جگہ سعودی عرب میں اعلیٰ معیارکے تیار ہونے والے کارپٹ بچھائے گئے ہیں۔ مسجد نبوی شریف انتظامیہ میں کارپٹ کے شعبے کے سربراہ بندر الحسینی نے بتایا کہ ریاض الجنہ میں 50نئے کارپٹ بچھائے گئے ہیں جن میں گرمی جذب کرنے کی صلاحیت ہے۔ یہ کارپٹ ایک دوسرے سے اس طرح سے ملے ہوئے ہیں کہ ان میں جوڑ نظر نہیں آتا۔ ریاض الجنہ کیلئے یہ کارپٹ خصوصی طور پر سعودی ماہرین نے تیار کئے ہیں۔ رمضان المبارک کے استقبال کیلئے انتظامیہ نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ افطار کے لئے روضہ اطہر میں دسترخوان بچھانے کے خواہشمندوں کے ساتھ رابطہ ہوچکا ہے ۔ دستر خوان بچھانے او رافطار کے بعد روضہ اطہر کی صفائی کیلئے خصوصی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔