نئی دہلی۔۔۔۔کرناٹک کی سیاست کی قسمت کا فیصلہ 15مئی کو ہوجائیگا۔ اس سے قبل کل 12مئی کو ہونیوالی ووٹنگ کے بعد تمام ٹی وی چینلزکے ایگزٹ پول میں بی جے پی کی سبقت ظاہر کی جارہی ہے۔فائنل ایگزٹ پول کے مطابق بی جے پی کو 110نشستیں ، کانگریس کو 88، جے ڈی ایس کو 24جبکہ دیگر 2نشستیں آزاد امیدوار حاصل کرینگے۔واضح ہو کہ کرناٹک کی 224نشستوں میں سے 222نشستوں کیلئے ووٹنگ ہوئی۔ اکثریت حاصل کرنے کیلئے 112نشستیں درکار ہونگی۔
٭سدا رمیا نے خارج کیا ایگزٹ پول:
وزیر اعلیٰ سدا رمیا نے تمام ایگزٹ پول کو سرے سے خارج کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں دوبارہ کانگریس فتح حاصل کریگی اور مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے میں کامیاب ہوگی۔انہوں نے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر تحریر کیا کہ ایگزٹ پول آئندہ 2 دنوں تک تفریح کا ذریعہ ہے ۔ سبھی ایگزٹ پول کا اوسط معلوم کرنا ویسا ہی ہے جیسا ایک آدمی ندی پار کررہا ہے اور اس نے ہندسوں کے ماہر پر بھروسہ کرلیا ہو جس نے اوسط نکال کر یہ کہا کہ ندی کی گہرائی 4فٹ ہے ۔ برائے مہربانی نوٹ کرلیجئے 6+4+2=4...6فٹ پر آپ ڈوب جائیں گے لہذا پارٹی کارکنوں اور حمایت کاروں اور خوش فہمی میں مبتلا افراد کو ایگزٹ پول کی فکر نہیں کرنی چاہئے۔وہ آرام کریں اور بے فکری کے ساتھ اپنی چھٹیوں کو خوشگوار بنائیں۔ ہم کامیاب ہوکر واپس آئیں گے۔
٭بی جے پی کا دعویٰ
بی جے پی کے ترجمان سدھانشو ترویدی نے کہا کہ ووٹروں کے رجحان سے یہ ظاہر ہورہا ہے کہ بی جے پی کواس مرتبہ 40نشستوں سے زیادہ سیٹیں ملیں گی جبکہ کانگریس کی نشستیں کم ہونگی۔اندازے کے مطابق بی جے پی کو 130نشستیں حاصل ہونگی۔
مزید پڑھیں:- - - -کچھ سیاسی پارٹیاں قتل کرانے کی سازش کررہی ہیں، ممتابنرجی