Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوپی سے بنگال تک طوفان بادوباراں،30ہلاک،50 زخمی

نئی دہلی۔۔۔۔دن بھر تیز گرمی کے بعد اتوار کی شام کو اچانک 70کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والے طوفان بادوباراں نے دہلی سے اتر پردیش تک تباہی مچادی۔دہلی آنیوالی  70پروازوں کے راستے تبدیل کئے گئے۔
دارالحکومت دہلی اور اطراف میں ٹریفک اژدہام پیدا ہوگیا میٹروکی آمد و رفت متاثر ہوئی ، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا،متعدد پروازوں کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑیں۔ طوفان کی زد میں آکرتقریباً30افراد کی موت جبکہ 50سے زائد زخمی ہوگئے۔آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں بجلی گرنے سے 9افراد ہلاک ہوگئے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق دہلی میں2،اتر پردیش میں 15،مغربی بنگال میں 12افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔
یوپی کے ضلع سنبھل میں طوفانی آندھی سے درخت جڑ سے اکھڑ کر ٹریکٹر پر جاگرا جس سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔ غازی آباد کے لال کنواں کے قریب کار پر درخت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 5زخمی ہوگئے۔ ریاست اتر پردیش کے شہر رام پور میں طوفان بادوباراں کے پیش نظر اسکول بند کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی تھی۔ بلند شہر میں آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے جھونپڑی میں آگ لگ گئی ۔طوفان کے باعث دہلی جانے والی 9پروازیں لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتاری گئیں۔
مزید پڑھیں:- - - -دہلی میں گردو غبار کا طوفان

شیئر: