قومی اسمبلی میں فلسطینیوں کے قتل عام کیخلاف قرارداد مذمت
اسلام آباد...قومی اسمبلی نے فلسطین کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی تشدد اور امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم بند کرانے کے حوالے سے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے تحریک پیش کی کہ فلسطین کے حوالے سے قرارداد لانے کے لئے قاعدہ 88 کے تحت قواعد معطل کئے جائیں۔ قومی اسمبلی سے تحریک کی منظوری کے بعد پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان غزہ میں فلسطین کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی مظالم‘ فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور امر یکہ کی طرف سے اپنا سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کی سخت مذمت کرتا ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔قومی اسمبلی نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دی۔