ن لیگ کے ٹکٹ کیلئے نئی کیا شرائط ہیں؟
لاہور...آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا جو 25مئی تک جاری رہے گا۔درخواستوں کے ساتھ پارٹی قیادت پر اعتماد کا حلف نامہ اور ٹکٹ ملنے یانہ ملنے دونوں صورتوں میں پارٹی ڈسپلن کا پابند رہنے کی تحریر ی یقین دہانی بھی کرانا ہو گی۔ بحالی جمہوریت کےلئے جدوجہد کے حوالے سے بھی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قومی اسمبلی کی جنرل نشست کےلئے درخواست کےساتھ 50ہزار ،صوبائی اسمبلی کی جنرل نشست کیلئے30ہزار روپے جبکہ قومی اسمبلی کی مخصوص نشست کےلئے ایک لاکھ جبکہ صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشست کےلئے 75ہزار روپے فیس مقرر کی گئی جو بینک ڈرافٹ کی صورت میں جمع کرانا ہو گی ہے۔ فارم میں درخواست گزار سے ذاتی معلومات کے ساتھ پارٹی سے وابستگی ، موجودہ عہدہ دیگر جماعتوں سے وابستگی ،سیاسی و سماجی خدمات،بحالی جمہوریت کےلئے خدمات،اگر گزشتہ انتخابات میں حصہ لیا ہے تو حاصل ووٹوں کی تعداد اور پوزیشن،جس حلقے کےلئے درخواست دی جارہی ہے اس حلقے کے بارے میں تجزیہ اور پوزیشن کے بارے میں تحریر کرنا ہوگا۔ فارم میں مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، صدر محمد شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کے اظہار کا اقرار نامہ ، ٹکٹ ملنے یا نہ ملنے دونوں صورتوں میں پارٹی ڈسپلن کا پابند رہنے اور آرٹیکل 62،63 پر پورا اترنے کے بارے میں اقرار نامہ کے حصے کو پر کرنا ہوگا۔