پاکستانی باکسرز بھی ملک کا نام روشن کریں گے
لاہور:پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ و ہ وقت دور نہیں جب پاکستانی کرکٹرز کی طرح باکسرز بھی سخت محنت ، حوصلے اور جذبے سے ملک کا نام روشن کریں گے، پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور میری اکیڈمی کے دروازے تمام لوگوں کے لیے کھلے ہیں۔ گزشتہ روز اپنی اہلیہ فریال مخدوم کے ہمراہ لندن سے لاہور پہنچنے پر انہوں نے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد نے پاکستان میں باکسنگ کے فروغ اور ایشین گیمز کی تیاریوں میں عالمی چیمپیئن باکسر سے مدد طلب کی۔عامر خان نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی جانب سے اکیڈمی سمیت دیگر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ باکسنگ فیڈریشن کے ساتھ مل کر پاکستان میں باکسنگ کے مسائل حل کرینگے۔