عامر خان پاکستانی باکسرز کی تربیت کرینگے
لاہور: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان 7 مئی کو پاکستان آئیں گے اور انہوں نے ایشین گیمز کیلئے پاکستانی باکسرز کو تربیت دینے کا اعلان کیا ہے۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں عالمی شہرت یافتہ باکسر نے کہا کہ وہ 7مئی کو پاکستان آئیں گے اور ایشین گیمز کے سلسلے میں پاکستانی باکسرز کی ٹریننگ کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستانی باکسرز میگا ایونٹس میں میڈلزجیتیں اور چیمپیئن بن کر دنیا میں پاکستان کانام روشن کریں۔عامر خان نے کہا کہ بہترین سہولیات سے لیس اسلام آباد کی عامر خان اکیڈمی کے دروازے تمام پاکستانی باکسرز کیلئے کھلے ہیں جہاں تربیت کر کے وہ اپنی کارکردگی کا معیار بلند کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی باکسرز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ محنت کریں، بھرپور ٹریننگ کریں اورخود پر اعتماد قائم رکھیں، پھر کوئی آپ کوعالمی چیمپیئن بننے سے روک نہیں سکتا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے عامر خان نے 2 سال بعد رنگ میں واپسی کرتے ہوئے کینیڈین باکسر فل لو گریکو کو محض 40 سیکنڈ میں شکست دے کر دنیائے باکسنگ میں ہلچل مچا دی تھی۔