Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامر خان کی پاکستان میں سپرباکسنگ لیگ

اسلام آباد: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان میں پہلی مرتبہ عالمی باکسنگ متعارف کرانے کے2سال بعد لیگ کی بنیاد پر باکسنگ کو پاکستان لانے کا اعلان کردیا۔عامر خان نے ایک ویڈیو میں کہا کہ میں پاکستان میں رواں سال سپر باکسنگ لیگ لا رہا ہوں اور اس کو اگلی نسل کے باکسرز کو دکھائیں گے۔انھوں نے کہا کہ یہ ایک مہینہ طویل ٹورنامنٹ ہوگا جو واقعی میں شاندار ہوگا اور یہاں پر پاکستانی ٹیلنٹ کو دیکھنے کیلئے پرعزم ہوں۔عالمی شہرت یافتہ باکسرکا کہنا تھا کہ یہ یاد گار لمحہ ہوگا ۔مجھے یقین ہے کہ ہمارے پاس بے پناہ ٹیلنٹ ہے لیکن کسی نے اس کی نشاندہی نہیں کی اور امید ہے کہ 2018 ء پاکستانی باکسرز کیلئے ایک بڑا سال ہوگا۔ انھوں نے سپرلیگ کے حوالے سے مزید بتایا کہ یہ باکسنگ لیگ بھی کرکٹ کی پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سے مختلف نہیں ہوگی۔عامر خان نے ویڈیو میں کہا کہ میں نے ٹیموں کے نام بھی تجویز کئے ہیں جن میں اسلام آباد کنگز، لاہور جائنٹس، کراچی ڈیولز، فیصل آباد فالکنز، ملتان تھنڈرز، پشاور وارئرز اور کوئٹہ اسٹارز شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم میں 6 باکسرز ہوں گے جن میں سے 5 مرد اور ایک خاتون باکسر ہوں گی۔خیال رہے کہ ہند میں سپرباکسنگ لیگ پہلے ہی فعال ہے اور اس کا پہلا سیزن گزشتہ برس منعقد ہوا تھا۔عامر خان مذکورہ لیگ کے شریک بانی ہونے کے علاوہ ہند مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) پروڈکشن کے ساتھ سپرفائٹ لیگ کے شریک مالک بھی ہیں۔گزشتہ برس ستمبر میں عامر خان نے "سپر باکسنگ لیگ" کے نام سے پاکستان کی پہلی باکسنگ لیگ کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔اسلام آباد میں باکسنگ اکیڈمی میں انھوں نے کہا تھا کہ مجھے یہ آئیڈیا ہند میں موجود اپنے پارٹنر سے ملا تھا جنھوں نے ہند میں بھی ایسی لیگ بنائی لہٰذا میں نے پاکستان میں بھی لیگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔

شیئر: