پیرس:فرانس نے آئندہ ماہ شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کیلئے اپنے 23رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور حیران کن طور پر انتھونی مارشل اور الیگزینڈرلاکازیٹی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔مارشل انگلش پریمیئر لیگ کی ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹرائیکر جبکہ لاکا زیٹی آرسنل کے فارورڈ ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں جگہ بنانے کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹار فرانس کے لئے 22 میچ کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں جبکہ 16 میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے لاکازیٹی نے آخری مرتبہ نومبر میں فرانس کی نمائندگی کی تھی تاہم ان دونوں کھلاڑیوں کو 11 ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست کا حصہ بنایا گیا اور کسی بھی کھلاڑی کی انجری کی صورت میں انہیں اسکواڈ کا حصہ بنایا جا سکے گا۔اس کے ساتھ ساتھ مڈفیلڈر دمتری پیٹ بھی انجری کے سبب ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے ۔ 31سالہ فٹبالر یوروپا لیگ کے فائنل ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے تھے۔فرانس کے اسکواڈ میں انگلش پریمیئر کھیلنے والے 5 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں بینجامن مینڈی، این گولو کانٹے، اسلیور جیروڈ، پال پوگبا اور گول کیپر ہوگو لورس شامل ہیں۔فرانس ورلڈ کپ کے گروپ سی میں موجود ہے جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا، پیرو اور ڈنمارک سے ہو گا۔