گوالیار : آندھرا ایکسپریس میں آتشزدگی،4بوگیاں خاکستر
گوالیار۔۔۔۔مدھیہ پردیش کے گوالیارضلع کے برلا نگر پل کے قریب آندھرا ایکسپریس کی 4بوگیوں میں آتشزدگی کے باعث ٹرین میں کہرام برپا ہوگیا۔باخبر ذرائع کے مطابق ٹرین کو موقع پر ہی روک کر تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین میں آگ شاٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ اس حادثے میں ابھی تک ہونیوالے نقصانات کے بارے میں مزید معلومات حاصل نہیں ہوئیں۔اطلاع کے مطابق جس بوگی میں آگ لگی اس میں 37ڈپٹی کلکٹرز موجود تھےجو ٹریننگ مکمل کرکے واپس آرہے تھے۔ اے پی ایکسپریس وشاکھا پٹنم سے دہلی جارہی تھی ۔ اس حادثے کے باعث دہلی جانیوالی تمام ٹرینیں متاثر ہوئیں۔اے پی ایکسپریس کے مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرین میں نصب آگ بجھانے کے آلات کا استعمال کیا گیا لیکن قابو پانا مشکل ہوگیا اور آگ نے بھیانک شکل اختیار کرلی۔محکمہ ریلوے کی جانب سے آندھرا ایکسپریس کے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کیلئے متبادل ٹرینوں کا بندوبست کیا جارہا ہے ،ہندوستانی محکمہ ریلوے نے آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔