جے ڈی ایس کے ریاستی صدر بدھ کو کرناٹک کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھائینگے
نئی دہلی - - - - - جنتا دل سیکولر کے صوبائی صدر ایچ ڈی کمار سوامی بدھ کو کرناٹک کے 26ویں وزیر اعلیٰ کے طور پرحلف لیںگے۔ بی ایس یدیو رپا کے مستعفی ہونے کے بعد گورنر واجو بھائی والا کی جانب سے کانگریس -جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) اتحاد کو حکومت سازی کے لیے مدعو کیے جانے کے بعد کمارا سوامی پیر کے روز حلف لینے والے تھے لیکن چونکہ21مئی کو سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی برسی ہے اس لیے تقریب حلف برداری 2روز کے لیے موخر کر دی گئی۔ اب کمارا سوامی بدھ کی صبح حلف لیں گے۔ 20اور 13کے فارمولے کے تحت نئی کابینہ کی بھی اسی روز حلف برداری ہو گی۔ کابینہ میں کانگریس کے 20اور جے ڈی ایس کے13وزیر شامل ہوں گے ۔ گورنر نے انھیں15روز میں ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کو کہا ہے۔ کانگریس کی حمایت سے حکومت بنانے جارہے کمارسوامی نے کہا کہ وہ کانگریس صدر راہول گاندھی اور ترقی پسند اتحاد ی حکومت کی چیئرمین سونیا گاندھی کو حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کرنے دہلی جائیں گے۔ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی ،آندھرپردیش کے وزیراعلیٰ چندربابونائیڈو ،تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ اور اترپردیش کے سابق وزرائے علیٰ ملائم سنگھ، اکھلیش یادو اور مایاوتی اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے ۔