پیرس..... فرانسیسی سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے ایک انتہائی جدید طریقے پرکام کرتے ہوئے ایک انتہائی چھوٹا مکان تیار کرلیا ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ اس مائیکرو ہائوس کی تیاری میں نینو روبوٹک سے کام لیا گیا ہے۔ پورا مکان 300مائیکرو میٹر کے ’’رقبے‘‘ پر محیط ہے اگر لمبائی اور چوڑائی کے حساب سے دیکھا جائے تو اسکی دو طرفہ لمبائی اور چوڑائی 20مائیکرو میٹر سے زیادہ ہیں تاہم اسے تیار کرنے والو ںکا کمال ہے کہ یہ مکان مکمل تفصیلات کے ساتھ تیار کیاگیا ہے۔اس میں عام مکانوں کی طرح بیرونی دروازہ ، کھڑکیاں اور پتھروں سے سجائی ہوئی چھت بھی ہے۔ دنیا میں اس سے قبل بھی بہت چھوٹے چھوٹے مکانات بنتے رہے ہیں مگر ان فرانسیسی سائنسدانوں نے جو مکان تیار کیا ہے وہ یقینی طورپر دنیا کا سب سے چھوٹا مکان کہلاسکتا ہے۔ اس کی تیاری فیمٹو انسٹی ٹیوٹ میں ہوئی ہے اور اسکے بارے میں ساری تفصیلات ویکیوم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے جریدے میں شائع کی گئی ہیں۔ جس سسٹم سے اسے تیار کیا گیا ہے سائنسدانوں نے اسے روبوٹکس کا نام دیا ہے۔ مکان کی تعمیر کیلئے سائنسدانوں نے اوریگانی اورنینو میٹر دونوں پر اشتراک عمل سے فائدہ اٹھایا ہے اور کھڑکیوں، دروازوں کی تراش، خراش کے وقت بھی انتہائی باریک اور چھوٹے اوزار استعمال ہوئے ہیں۔ ظاہری طور پر لگتا ہے کہ یہ پارچہ بافی کا نمونہ ہے اور شاید بات بھی یہی ہے مگر ایسا بنانا انتہائی مشکل اور صبر آزما کام ہوتا ہے۔اسے تیار کرنے والوں کاکہناہے کہ اس مکان کی تیاری میں بہت سارے کام خود کار انداز میں کئے گئے ہیں تاہم امید ہے کہ آئندہ اس قسم کی مکان سازی کا پورا کام خودکار بنیادو ںپر ہو سکے۔ اس مکان کی تیاری بلاشبہ ایک کارنامہ ہے او راس میں جو آپٹیکل فائبر استعمال ہوئے ہیں وہ انسانی بالوں سے بھی زیادہ باریک ہیں اور اسی باریکی سے اسے مضبوط بنایا گیا ہے۔