دنیا میں پہلی بار جاپان نے چھ گھنٹے میں ٹرین کا تھری ڈی پرنٹڈ سٹیشن تعمیر کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
نیو یارک ٹائمز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ویسٹ جاپان ریلوے کمپنی نے اریڈا شہر میں یہ تھری ڈی پرنٹ شدہ ٹرین سٹیشن تعمیر کیا ہے۔
یہ نیا ہتسوشیما سٹیشن 1948 کے قدیم لکڑی کے ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے بنایا گیا تھا اور اسے صرف چھ گھنٹے سے کم وقت میں اپنے مقام پر اسمبل کیا گیا۔
یہ سٹیشن سنہ 2018 سے خودکار ہے اور روزانہ تقریباً 530 مسافروں کو خدمات فراہم کرتا ہے، یہاں ایک عام سی پٹڑی موجود ہے جس پر ہر گھنٹے میں ایک سے تین ٹرینز چلتی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
جاپان ایکسپو 2025 کے لیے سعودی پویلین کی تیاریاں مکملNode ID: 888139
اس سٹیشن کو بنانے کے لیے ریلوے آپریٹر نے تعمیراتی فرم ‘سیرینڈکس‘ کے تیار کردہ تعمیراتی ڈھانچے کا استعمال کیا ہے۔
سیرینڈکس کے مطابق سٹیشن کے ڈھانچوں کی پرنٹنگ اور کنکریٹ کو مضبوط کرنے میں سات دن لگے۔ یہ کام اریڈا سے تقریباً 804 کلومیٹر دور کیوشو جزیرے پر کماموٹو پریفیکچر کی ایک فیکٹری میں کیا گیا تھا۔ پرزے سڑک کے ذریعے منتقل کیے گئے اور 24 مارچ کی شام کو پہنچے۔
سیرینڈکس کے شریک بانی کونی ہیرو ہانڈا نے بتایا کہ ’عام طور پر تعمیر کئی مہینوں میں ہوتی ہے جبکہ ٹرینیں ہر رات نہیں چلتیں۔ ٹرین آپریشن میں خلل ڈالنے سے بچنے کے لیے تعمیر عام طور پر رات کے اوقات تک محدود رہتی ہے۔‘

’جیسے ہی ٹرک منگل کی رات پہنچے، درجنوں مقامی لوگ اس تاریخی تعمیر کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔ ایک بار جب آخری ٹرین رات 11 بجکر 57 منٹ پر روانہ ہوئی، ورکرز فوری کام پر لگ گئے۔ ایک کرین کا استعمال کرتے ہوئے مزدوروں نے پہلے سے پرنٹ شدہ مارٹر پر مبنی حصوں کو اپنی جگہ پر اتارا اور تمام ڈھانچے کو اپنی جگہ پر اسمبل کیا۔
مرکزی ڈھانچہ، جس کی پیمائش 100 مربع فٹ سے کچھ زیادہ تھی، اگلی صبح 5 بج کر 45 منٹ پر آنے والی ٹرین کے پہنچنے سے پہلے پوری طرح تیار ہو چکا تھا۔
اگرچہ عمارت باہر سے مکمل ہے لیکن ٹکٹ مشینیں اور آئی سی کارڈ ریڈرز جیسے فنشنگ ٹچز اب بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ سٹیشن جولائی میں مسافروں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
