بدعنوانی 100 کروڑ ہندوستانیوں کے خون میں رچ بس گئی ، راج بھر
لکھنؤ- - - - یوگی حکومت پر اکثر حملہ آور رہنے والے ریاست کے کابینی وزیر اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راج بھر نے ایک دیگر متنازعہ بیان دیا ہے ۔ انہوں نے اس بار الگ بیان دیتے ہوئے کہا کہ 100کروڑ ہندستانیوں کے خون میں بدعنوانی نے اپنی جڑیں مضبوط کر رکھی ہیں اور اس کیخلاف لڑائی لڑنا آسان نہیں ۔کابینی وزیر نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ بدعنوانی لوگوں کے خون میں رچ بس چکی ہے۔وزیراعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں حالیہ فلائی اوور گرنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سماج سے بدعنوانی کو پوری طرح ختم کرنے میں وقت لگے گا۔راج بھر نے یوگی آدتیہ ناتھ اور بی جے پی کے صدر امیت شا ہ پر الزام لگایا کہ وہ درج فہرست ذات و قبائل کی جائز مطالبات پر توجہ نہیں دے رہے ۔انہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ ریاست میں یوگی حکومت کے دوران بدعنوانی میں اضافہ ہوا ہے ۔حال ہی میں بی جے پی کے ریاستی صدر نے غیرمطمئن لیڈروں سے اپنے رویہ میں تبدیلی لانے اور شکایتوں کو مناسب پلیٹ فارم پر اٹھانے کی بات کہی تھی۔