Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسکول کی عمارت کیلئے کوشاں ہیں، خان ہشام بن صدیق

 انگلش سیکشن ریاض میں نئی مینجمنٹ کونسل کی تعارفی نشست
ریاض ( ذکاءاللہ محسن) پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن ریاض میں نئی اسکول مینجمنٹ کونسل کی اساتذہ سے تعارفی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کے مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق اور مہمان خصوصی، ڈپٹی ہیڈ آف مشن و اسکول ہذا کے رابطہ افسر سردار محمد خٹک تھے۔ اسکول مینجمنٹ کونسل کے چیئرمین کیپٹن عامر محمود ، وائس چیئرمین اشفاق علی شاہ بخاری اور جنرل سیکریٹری محمدرزین منتخب کئے گئے۔ ممبران میں نجیب محمد ناصر، ڈاکٹر شازیہ حارث، عامر آفریدی، شاہد زیدی، مطلوب حسین اور سعد منیر شامل ہیں۔ 9 رکنی کونسل تعلیم یافتہ ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل اور علم دوست شخصیات پر مشتمل ہے۔ اسکول پرنسپل محمد تنویر نے ہمارا مطمع نظر ہمیشہ کوالٹی ایجوکیشن رہا ہے او رہر سال ہمارے طلباءدنیا بھر میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے اسکول اور پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کررہے ہیں۔ اسکول ارکان نے اپنا مختصر مگر جامع تعارف کراتے ہوئے اسکول کی بہتری کےلئے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ سب نے اس پر مسرت کا اظہار کیا کہ ہم پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کے ساتھ منسلک ہو کر اپنی کمیونٹی کےلئے کچھ کر سکیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ہمارے اسکول طلباءکی معیاری تعلیم میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔ اس کےلئے سفارت خانہ ہر ممکن سہولیات فراہم کرتا ہے۔ معیار تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے نئی مینجمنٹ کونسل کے ارکان کو خوش آمدید کہا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم اسکول کی اپنی عمارت کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نے بھی پاکستانی اسکولوں کی فلاح کیلئے ایک ملین ریال دیئے ہیں۔ بہترین تعلیم کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ پروگرام کے آخر میں مینجمنٹ کونسل اور سفیر پاکستان نے اساتذہ کے سوالات کے جواب دیئے اور انکی آرا سنیں۔

شیئر: