ہنگامی لینڈنگ:52مسافر زخمی، خاتون کا بازو ٹو ٹ گیا
جدہ.... جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر سعودی عرب کی فضائی کمپنی کے ایک طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ یہ طیارہ 151 افراد کو لے کر مدینہ منورہ سے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا جا رہا تھا کہ دوران سفر طیارے کے اگلے ٹائر میں فنی خرابی پیدا ہو گئی۔اطلاعات کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کی وجہ سے 52مسافروں کو معمولی زخم آئے ہیں جبکہ ایک خاتون مسافر کا بازو ٹوٹ گیا۔ سعودی عرب کی فضائی کمپنی السعودیہ کے سرکاری ترجمان انجینیئر عبدالرحمن الطیب نے کہاکہ ایئربس طیارے کی پرواز نمبر 3818 مدینہ منورہ سے ڈھاکا جا رہی تھی کہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 8 بجے طیارے کے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی پیدا ہو گئی۔ اس کے نتیجے میں کپتان نے طیارے کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ واپس لے جانے کا فیصلہ کیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ لینڈنگ کے وقت طیارے کا اگلا ٹائر نہیں کھل سکا۔ متعدد کوششوں کے بعد آخرکار اگلے ٹائر کے کھلے بغیر ہی ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ اس دوران رن وے پر تمام تر ضروری اقدامات مکمل کر لئے گئے۔ طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی جس کے بعد 141 مسافروں اور عملے کے 10 ارکان کو طیارے سے اتار لیا گیا۔ اللہ کے فضل کے بعد کامیاب لینڈنگ میں طیارے کے کپتان کی اہلیت نے اہم کردار ادا کیا۔متعلقہ حکام نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جن کی تکمیل پر مربوط رپورٹ جاری کی جائے گی۔ باخبر ذرائع کے مطابق السعودیہ کی پرواز 3818کو کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ اس وقت کرنا پڑی جب اسکے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی۔ طیارہ کے جدہ ایئرپورٹ پر اترنے سے قبل ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا گیا تھا۔ ایک اطلاع کے مطابق طیارے کے اترتے وقت ٹائر سے چنگاریاں اڑنے لگی تھیں۔ پائلٹ کی کمال مہارت کے باعث طیارہ یقینی حادثہ سے بچ گیا۔ ہواباز ترکی شہری ہے۔ طیارہ اتارتے وقت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔