چین میں سڑک پر 10فٹ گہرا گڑھا اچانک نمودار، 3کاریں جاگریں
بیجنگ.... مشرقی چین میں ایک شاہراہ پر جس کے کنارے تعمیری کام بھی جاری تھا۔ اچانک ایک بہت بڑا گڑھا پڑ گیا او رمصروف سڑک سے گزرنے والی 3کاریں یکے بعد دیگرے اس گڑھے میں جاگریں۔ جس کے بعد گڑھے میں اتنی جگہ نہیں رہی کہ پیچھے سے آنے والی مزید کاریں اس میں گر سکتیں۔ واقعہ زیجیانگ صوبے کے ہانگژو شہر میں2دن قبل پیش آیا ہے۔ گڑھے میں گرنے والی کاروں میں سے ایک سیاہ رنگ کی ایس یو کے علاوہ ایک سفید کار اور تیسری منی وین شامل ہے جو سفید رنگ کی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہاں پر کھدائی کا کام اس وجہ سے جاری تھا کہ اندر سے ڈرینج کیلئے پائپ گزارا جاسکے۔ علاقے میں رہنے والے لوگوں نے چائنا سینٹرل ٹی وی کو بتایا کہ ڈرینج پائپ کی تنصیب کی وجہ سے علاقے کئی دوسرے علاقوں میں گڑھے پڑ چکے ہیں مگر یہ بڑا گڑھا پہلی بار نظر آیا ہے لوگوں کا کہناہے کہ علاقے میں مستقبل بارش ہوتی رہتی ہے اس وجہ سے یہاں کی زمین نرم پڑ گئی اور بڑی حد تک دلدلی ہوچکی ہے لہذا اس پر بنی سڑکیں ذرا سا جھٹکا پڑنے پر گڑھے میں تبدیل ہوجاتی ہیں۔ مقامی حکومت نے اپنی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ٹھیکیداروں نے کچھ زیادہ کھدائی کردی تھی اس کی وجہ سے اس کے جھٹکے سڑک کے اس جانب زیادہ اثر انداز ہوئے۔ سرکاری حکم کے ذریعے اب ٹھیکیدار کمپنی گڑھے میں گرنے والی کاروں کو ہونیوالے نقصانات کا ازالہ کریگی اور جلد ہی سڑک کی مرمت بھی اسکی ذمہ داری ہوگی۔ حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں مگر یہ بات یقینی ہے کہ ٹھیکیدار کمپنی پر بھاری جرمانہ عائد ہوگا۔