مکہ مکرمہ .... گورنریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 5 دنوں میں حرم شریف آنے والوں کی تعداد 44 لاکھ 39 ہزار سے زائد رہی ۔ سبق نیوز نے مکہ گورنریٹ کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے لکھا ہے کہ 30 شعبان سے 5 رمضا ن المبارک کی شب تک مختلف شہروں سے مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر بنائی جانے والی کار پارکنگ سے حاصل ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ گاڑیاں باب علی اسٹیشن پر پہنچی جن کی تعداد 89 ہزار 237 تھی جن میں سوار افراد کی تعداد 7 لاکھ 16 ہزار 667 رہی ۔ مکہ مکرمہ کی انتظامیہ کی جانب سے ہر برس کی طرح امسال میں مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹ قائم کی ہے جہاں دیگر شہروں سے آنے والوں کی گاڑیوں کےلئے پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں ۔ مختلف شہروں سے آنے والے معتمرین ان پارکنگ لاٹس میں اپنی گاڑیاں پارک کر کے شٹل بس سروس کے ذریعے حرم شریف جاتے ہیں جہاں عمرہ ادا کرنے کے بعد وہ اسی بس سروس کے ذریعے اپنی گاڑیوں تک پہنچ جاتے ہیں ۔ اس ضمن میں انتظامیہ کیجانب سے شہر کے داخلی راستوں پر 8 اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جہاں معتمرین اپنی گاڑیاں پارک کرکے حرم شریف پہنچ سکتے ہیں ۔ شہری انتظامیہ کی جانب سے حرم شریف کے اطراف میں ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے ماہ رمضان المبارک میں خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں تاکہ دیگر شہروں سے آنے والے آرام سے عمرہ ادا کرسکیں ۔ جدہ سے جانے والے معتمرین کےلئے شمیسی چیک پوسٹ کے بعد پارکنگ لاٹ موجود ہے جہاں گاڑی پارک کرکے شٹل بس سروس کے ذریعے حرم شریف پہنچا جاسکتا ہے ۔ گورنریٹ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 5 دنو ںمیں اجیاد المصافی اسٹیشن پر آنے والی گاڑیوں کی تعداد 62,916 رہی جن میں 617,683 مسافر سوار تھے ۔ باب علی اسٹیشن پر 89 ہزار 237 گاڑیاں پارک کی گئیں جن میں آنے والے مسافروں کی تعداد 716,667 ۔ جبل الکعبہ اسٹیشن پر 19ہزار 559 گاڑیاں پارک کی گئیں جن میں سوار معتمرین کی تعداد 145,982 تھی ۔ باب ملک عبدالعزیز اسٹیشن پر آنے والی گاڑیوں کی تعداد 42,750 تھی جبکہ مسافروں کی تعداد 423189 رہی ۔ جرول اسٹیشن پر 18ہزار 794 گاڑیاں رجسٹرکی گئیں جبکہ اس اسٹیشن پر آنے والے مسافر کی تعداد 201,495 رہی ۔ دیگر شہر وں سے آنے والے معتمرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے شہر کے بیرونی جانب پارکنگ کی سہولت بہترین ہے اس سے کافی سہولت ملتی ہے اور ہم اپنی گاڑیاں شہر سے باہر پارک کر کے آرام سے شٹل بس سروس کے ذریعے حرم شریف پہنچ جاتے ہیں ۔