سعودی عرب کا عمان کی میزبانی میں ایران ، امریکہ مذاکرات کا خیر مقدم
سعودی عرب نے سلطنت عمان کی جانب سے ایران اور امریکہ کے مابین ہونے والے مذاکرات کی میزبانی کیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عمان میں مذاکرات کی میزبانی کرنا خوش آئند امر ہے جس کی حمایت کرتے ہیں ۔
مملکت کی جانب سے جاری بیان میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ایران ، امریکی مذاکرات خاطرخواہ نتائج کے حامل ہوں گے جن سے خطے اور دنیا میں سلامتی و استحکام اور امن کے فروغ کو فروغ حاصل ہوگا۔
واضح رہے امریکہ اور ایران نے تہران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے عمان کی میزبانی میں مذاکرات کا آغاز کیا اس حوالے سے ایران کی وزارت خارجہ نے اسے تعمیری اور احترام کے ماحول میں ہونے والی بات چیت قرار دیا۔
فریقین نے مذاکرات کو اگلے ہفتے دوبارہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دوسری جانب عمانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بات چیت دوستانہ ماحول میں ہوئی ، ہم مل کر اس کام کو جاری رکھیں گے۔