حجاب ، عورت کے وقار اور احترام کی علامت
حجاب مسلم معاشرے میں حیا ، تقدس اور پاکیزگی کی علامت سمجھا جاتا ہے . اسے عورت کے لیے تحفظ کا ذریعہ مانا جاتا ہے . حجاب کے بارے میں دنیا کا نقطہ نظر جو بھی ہو سچ یہ ہے کہ یہ عورت کا ایک ایسا زیور ہے جو اس کی شخصیت کو پر وقار ، منفرد اور محفوظ بناتا ہے اور اس زیور کو اپنانے والی ہستی ،محفوظ اور محترم ہو جاتی ہے . حجاب عورت کا فخر بھی ہے اور حق بھی . پردے کا حکم چونکہ اسلام نے دیا ہے اس لیے حجاب کو مسلم خواتین کے لیے ضروری قرار دیا جاتا ہے البتہ اب چند غیر مسلم خواتین میں بھی حجاب کا استعمال دیکھنے کو ملتا ہے . آج کے جدید دور میں بھی تعلیم یافتہ لڑکیاں حجاب کو ایک بہترین انتخاب قرار دیتی ہیں کیونکہ یہ انہیں وقار اور کردار کی مضبوطی عطا کرتا ہے اور معاشرتی آلودگی سے محفوظ رکھتا ہے . حجاب صرف پردہ نہیں بلکہ حیا کا دوسرا نام ہے . صرف برقعہ پہن لینا حجاب نہیں بلکہ ہمارا دین نظر اور آواز کے حجاب کی بھی تلقین کرتا ہے . بہت سی مسلم اور غیر مسلم سوسائیٹیز میں حجاب کو ٹرینڈ بنایا جا رہا ہے . اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرتی لڑکیاں منٖفرد اور خوبصورت انداز میں حجاب اوڑھے دکھائی دیتی ہیں . وقت کے ساتھ ساتھ حجاب کے انداز میں بھی جدت آرہی ہے اور نت نئے انداز میں حجاب متعارف کروائے جا رہے ہیں . یہی وجہ ہے کہ حجاب دنیا بھر میں اپنی اہمیت کو تسلیم کروا تا نظر آتا ہے .