پاکستا نی طالبات نے فارمولا ریسنگ کار تیارکرلی
اسلام آباد...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ لڑکیوں سمیت پاکستانی نوجوان بہت باصلاحیت ہیں۔ وہ زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے اور دنیا کے ساتھ مسابقت کی تمام تر صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ وہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی طالبات سے گفتگو کر رہے تھے نے نسٹ کی طالبات نے وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ ان طالبات نے انٹرنیشنل فارمولا اسٹوڈنٹ کمپیٹیشن میں شرکت کیلئے ریسنگ کار تیار کی ہے۔ سلور اسٹون کار ریسنگ ٹریک برطانیہ میں جولائی میں ہو گا۔ طالبات کے گروپ نے تیار کی جانے والی ریسنگ کار وزیراعظم کو دکھائی۔ شاہد خاقان نے طالبات کی محنت اور لگن پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ریسنگ کار کی تیاری میں ان کی تکنیکی صلاحیتوں اور مکینیکل ہنر مندی کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان جیسے ذہین نوجوان ملک کا فخر اور اثاثہ ہیں جو مادر وطن کیلئے اعلیٰ کامیابیاں اور اعزازات لا سکتے ہیں۔