قرآنی تعلیمات پر عمل معاشرے کو مثالی بناتا ہے، سردار محمد خٹک
پاکستان رائٹرز کلب ریاض کے زیر اہتمامسالانہ مقابلہ حسن قرأت کا انعقاد اورکلب کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری
ریاض (جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان کے قائم مقام سفیر سردار محمد خٹک نے کہا ہے کہ ایک مثالی معاشرے کے قیام کیلئے ضرویر ہے کہ اس کے شہریوں میں قرآن کریم کی قرأت کے علاوہ اسکی تعلیمات پر عمل کو بھی فروغ دیا جائے۔ وہ پاکستان رائٹرز کلب ریاض اور اسکے لیڈیز چیپٹر کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ مقابلہ حسن قرأت میں مہمان خصوصی کے طورپر حاضرین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کو قرآنی احکامات سے آگاہ کرکے انہیں دروغ بیانی ، غیبت، نافرمانی اور بداخلاقی جیسی قباحتوں سے دور رکھا جاسکتا ہے۔ سردار محمد خٹک نے پاکستان رائٹرز کلب کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات انتہائی کامیاب ہوتی ہیں اور یہ کہ کلب کے ا سپانسرز کی روز افزوں تعداد اس حقیقت کا بڑا ثبوت ہے۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے زیر سرپرستی فروغ اسلام کی سرگرمیاں ہمیشہ جاری رہتی ہیں۔قبل ازیں تنظیم کے سرپرست اعلیٰ سید فیض النجدی، نومنتخب صدر پروفیسر فیاض ملک، لیڈیز چیپٹر کی نومنتخب کنوینر ڈاکٹر فرح نادیہ، سابق صدر انجینیئر رئوف مغل اور سابق کنوینر مدیحہ ملک نے بھی حاضرین سے خطاب کیا اور کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کلب کو اس کی سرپرستی حاصل رہیگی۔ 2برس گزرنے کے بعد حال ہی میں کلب کے نئے عہدیداروں کا تقرر ہوا تھا۔ رئوف مغل نے واضح کیا کہ گزشتہ 2برس میں 13تقریبات منعقد کی گئی تھیں۔ 8سے 14برس تک کی عمر کے 12بچوں اور 12بچیوںنے مقابلہ حسن قرأت میں حصہ لیا۔ منصفین قاری اسد اقبال، قاری محمد عارف اور قاری عبدالوحید کے فیصلے کے مطابق لڑکوں میں پہلا انعام ابشام شکیل کیانی، دوسرا انعام سعود محمد اسد جبکہ تیسرا انعام محمد عبدالرحمان افضل کو دیا گیا۔ لڑکیوں میں پہلاا نعام جویریہ افتخار، دوسرا انعام ہانیہ فاطمہ اور تیسرا انعام رکزہ محمد اسد نے لیا۔ مقابلے میں شریک سب بچوں اور بچیوں میں بھی اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ اسپانسرز کی طرف سے دیئے گئے مختلف انعامات او رنقد ی بھی انعام یافتگان کو دیئے گئے۔ کلب کے نومنتخب عہدیداران کی رسم حلف برداری بھی منعقد کی گئی۔