گلگت بلتستان کو بااختیار بنا دیا،شاہد خاقان
گلگت ...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی عمارت کا افتتاح کردیا ۔گلگت بلتستان سیکرٹریٹ منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔بعد ازاں گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن گلگت بلتستان کیلئے بڑا سنگ میل ثابت ہوگا ۔ہم نے کچھ ایسی خاص اصلاحات کی ہےںجس میں گلگت بلتستان کے اندر ترقی کی منازل طے ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں شہری کو حاصل ہونے والے تمام بنیادی حقوق گلگت بلتستان کے رہنے والوں کو میسر ہیں۔ 18ویں ترمیم کے بعد دوسرے صوبوں کی طرح گلگت بلتستان کو بھی اختیارات حاصل ہیں جو مثبت پیشرفت ہے۔ شاہد خاقان سے نے کہا کہ عشروں سے بند اسکیمیں مسلم لیگ ن نے مکمل کی ہیں۔ جب دسویں کلاس میںتھا تو اس وقت لواری ٹنل کی بنیاد رکھی گئی لیکن آج مسلم لیگ نے اپنے دورے حکومت میں خطیر رقم سے لواری ٹنل کو مکمل کرکے اس کا افتتاح کردیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ترقیاتی کاموں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بنیاد ہے ۔گلگت بلتستان کے عوام کو اس منصوبے سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ گلگت بلتستان سمیت ملک اور خطے میں خوشحالی کا دور دورہ ہوگا ۔ دریں اثناءوزیراعظم نے گلگت نلتر ایکسپریس وے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ منصوبہ 2ارب 60کروڑ روپے کی لاگت سے 3 سال میں مکمل ہوگا۔ اس سے گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔