روزہ رکھ کر تعصب سے پاک معاشر ہ استوار کریں،رہنما پاک سرزمین
شارجہ..... پاک سر زمین پارٹی یو اے ای کی طرف سے شارجہ کے مقامی ریستوران میں افطارتقریب منعقد کی گئی جس میں امارات کے مختلف شہروں سے خواتین، بچوں سمیت فیملیز نے شرکت کی۔ افطار ڈنر اور پی ایس پی کے منشور کی کتابی شکل میں رونمائی اور تعارف اس تقریب کے مقاصد تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی شمشاد علی صدیقی تھے جبکہ صدارت پی ایس پی یو اے ای کے صدر محمد عاطف خاں نے کی۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری نے کی۔ ابوظبی،دبئی، شارجہ اورعجمان سے بچوں بڑوں نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شمشاد علی صدیقی نے کہا کہ ماہ رمضان میں پاکستان کا قیام اللہ کا خصوصی کرم ہے ۔ پاکستان دنیا کی دوسری ریاست ہے جو اسلام کے نام پر قائم ہوئی۔ روزہ ہمیں اخوت، بھائی چارے، رحم کرنے، معاف کرنے کی مشق کراتا ہے۔ شمشاد صدیقی نے مزید کہا کہ پی ایس پی کا منشور خالص عوام کا منشور ہے۔ اس منشور پر عملدرآمد کر کے ہم پاکستان کے مسائل حل کر یں گے۔ پی ایس پی یو اے ای کے صدر محمد عاطف خان نے کہا کہ روزہ تعصب سے پاک معاشرے کی تشکیل کی مشق کراتا ہے۔ پی ایس پی اخوت و بھائی چارے کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں مصروف ہے۔ پی ایس پی کا منشور غریب عوام کے مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔ پی ایس پی یو اے ای کے سینیئرنائب صدر و ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی مڈل ایسٹ ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری نے کہا کہ ماہ صیام ہمیں بھوک پیاس کی شدت کا احساس دلاتا ہے۔ پاکستان کے حکمرانوں کو ماہ رمضان میں پینے کے صاف پانی کی ترسیل اور لوڈ شیڈنگ کے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ ڈاکٹر اکرم نے مزید کہا کہ پی ایس پی کا منشور نظریہ¿ پاکستان کا عکس ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات و احکامات کے عین مطابق پی ایس پی کا منشور تیار کیا گیا۔ ان شاءاللہ پی ایس پی کا منشور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہو گا ۔منشور کی اردو اور انگریزی طباعت شدہ کتاب کی تقریب رونمائی پی ایس پی عجمان کے صدر محمد سلیم اور پی ایس پی دبئی کے جنرل سیکریٹری مرزا حمید نے کی۔ ان کے ساتھ پی ایس پی یو اے ای کے مرکزی نائب صدر محمد فیصل،جنرل سیکریٹری نظیم چوہدری،سینیئر نائب صدر دبئی حسیب احسن ھاشمی،ذوالقرنین زلفی نائب صدر شارجہ، نائب صدر دبئی سعود صدیقی،ممبران عمر بٹ شہزاد، عمیر، شہباز احمد، فیضان، محسن زیدی، اکبر، عاکف، ریحان، راحیل، سلیم، کاشف نے منشور کی رونمائی اور تعارف میں حصہ لیا۔