’’فروغ اسلام‘‘ سیریز کا رسم اجراء
سیریز بچوں کے لئے بنیادی اسباق پر مشتمل ہے، ڈاکٹر فیضی
ریاض(کے این واصف)- - - -پرائمری اور مڈل سطح کے اسکول طلبہ کی اسلامی تعلیم میں معاون ثابت ہونے والی سیریز ’’فروغ اسلام‘‘کا ریاض میں رسم اجراء عمل میں آیا۔ اس سیریز کو ڈاکٹر ظہیر احمد فیضی نے مرتب کیا ۔
ریاض کے ایک مقامی ریستوران کے ہال میں منعقدہ اس تقریب کا آغاز قاری ارشد نعیم کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ اس محفل میں منیجنگ ڈائریکٹر مکتبہ دارالسلام مولانا عبدالمالک مجاہد ، پرنسپل انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض ڈاکٹر شوکت عزیز، وائس ڈین جامعہ ملک سعود پروفیسر سلیمان بن علی المورعی، ’’مکتب وعدہ غرب الریاض‘‘ کے داعی سلیم ساجد مدنی، انجینیئر بندر مطر زہرانی نے بحیثیت مہمانان اعزازی شرکت کی۔
رسمی خیر مقدمی کلمات کے بعد ’’فروغ اسلام‘‘ سیریز کے مرتب ڈاکٹر ظہیر احمد فیضی نے کہا کہ یہ سیریز اردو زبان میں بچوں کی عمر و درجات کے لحاظ سے عقائد فقہ و عبادات ، اسلامی تاریخ، اخلاقیات ، قرآن اور مسنون دعائوں جیسے بنیادی اسباق پر مشتمل ہے۔ ڈاکٹر ظہیر نے مختلف ترقی یافتہ ممالک کے نصابِ تعلیم پر گفتگو کرتے ہوئے ہندوستان میں بھی اس کی ترتیب وتجدید اور بالخصوص اسلامی کتابوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔
پرنسپل انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض ڈاکٹر شوکت پرویز نے اپنے تدریسی تجربات بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر ظہیر کے اس قدم کی ستائش کی۔ مولانا عبدالمالک مجاہد نے نہ صرف اس سیریز کو سراہا بلکہ مستقبل میں مکتبہ دارالسلام کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون اور خدمات کی پیشکش کی۔ پروفیسر سلیمان المورعی نے ڈاکٹر ظہیر کی اس کاوش کو صدقہ جاریہ سے تعبیر کیا۔ مولانا سلیم ساجد مدنی نے سیریز کے نصاب اور ماخذ کو سراہا اور کہا کہ بچوں میں یہ سیریز عقیدے کی اصلاح کا ذریعہ بنے گی۔
رسم اجراء کے بعد اس سیریز پر ڈاکٹر عبدالرحیم خان نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیا جس میں اسکے نصاب، اسلوب اور امتیازی خصوصیات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔ اس محفل میں درس و تدریس سے منسلک ریاض میں موجود اہم شخصیات نے بھی شرکت کی اور اپنے تاثرات پیش کئے اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔