Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماسکو کی فلک بوس عمارت کی کھڑکی 500فٹ نیچے جاگری

ماسکو.....  یہاں ایک کثیر المنزلہ عمارت میں کھڑکیاں اور دروازے لگانے کا کام ہورہا تھا کہ  اس دوران شیشے کی بنی ہوئی بہت بڑی کھڑکی مزدوروں کی گرفت سے نکل کر نیچے ایک دوسری عمارت پر جاگری اور اس کے بعد اس کے ہزاروں ٹکڑے دور دور تک پھیل گئے۔ اب تک اس حادثے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں مگر جس عمارت پر یہ کھڑکی گری اسے کافی نقصان پہنچ چکا ہے۔ موقع کی جو وڈیو جاری ہوئی ہے وہ آس پاس کی عمارتوں میں لگے خفیہ کیمروں کی مدد سے اتاری گئی ہے جسے دیکھ کر ہی خوف آتا ہے۔تفصیلات کے مطابق بلند و بالا عمارت  ماسکو کے کاروباری علاقے میں واقع تھی اور یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب  مزدور عمارت میں کھڑکیوں کیلئے چھوڑی گئی خالی جگہ میں پہلے سے تیار کردہ ایک کھڑکی نصب کرنے والے تھے۔نیچے سے گزرنے والے اور موقع کے عینی شاہدین کا کہناہے کہ یہ بہت بڑا حادثہ تھا۔ ہمیں شکر ادا کرنا چاہئے کہ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی زیادہ زخمی ہوا ہے۔ اب جس ذیلی عمارت کو کھڑکی گرنے سے نقصان پہنچا ہے اس کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے جس کے بعد ہی اصل کھڑکی اس کثیر منزلہ عمارت کی 47ویں منزل پر نصب کی جائیگی۔ عمارت کی تعمیر کے حوالے سے باخبر ذرائع کا کہناہے  کہ ضرورت سے  کم مزدور کھڑکیاں لگانے کیلئے بھیجے گئے تھے اور مزدوروں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے انکے لئے اس بھاری بھرکم کھڑکی کو سنبھالنا مشکل ہورہا تھا اور یہی مشکل حادثے کا سبب بنی۔
مزید پڑھیں:- - - - -شاہی دوڑ میں شرکت کیلئے تیارکئے گئے گھریلو گھڑ سوار دستے کی مشق

شیئر: