فرنچ اوپن میں پہلا اپ سیٹ ، وینس ولیمزٹورنامنٹ سے باہر
پیرس:کلے کورٹ گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ میں پہلے بڑے اپ سیٹ کے ساتھ امریکہ کی وینس ولیمز پہلے راونڈ میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔ 7مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپیئن اور سیڈنگ میں 9ویں نمبر کی تجربہ کارامریکی ٹینس کھلاڑی چینی حریف کینگ وانگ کے ہاتھوں اسٹریٹ سیٹس میں شکست سے دوچار ہوئیں۔ نوجوان چینی کھلاڑی رینکنگ میں 91ویں نمبر پر ہیں اور انہوں نے انہیں 6-4اور7-5سے شکست دی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ چینی کھلاڑی نے حال ہی میں کلے کورٹ یا مٹی کے کورٹ میں کھیلنا شروع کیا لیکن وہ میچ کے دوران منجھی ہوئی کھلاڑی نظر آئیں جبکہ طویل عرصے سے ٹینس کی دنیا میں موجود وینس ولیمز کھیل کے دوران پریشانی سے دوچار رہیں۔دوسری جانب کھیل سے زیادہ تنازعات کیلئے معروف آسٹریلیا کے ٹینس کھلاڑی نک کیرگیوس نے فرنچ اوپن سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی انجری پر قابو نہیں پاسکے ۔