Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: نئے ہوائی اڈہ پر پہلی پرواز کے مسافروں میں تحائف کی تقسیم

 جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سول ایوی ایشن کے نگران عبدالحکیم التمیمی نے کہا ہے کہ شاہ عبدالعزیز نیو ایئر پورٹ کے پہلے تجرباتی مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں محدود پیمانے پر ڈومیسٹک پروازوں کےلئے ٹرمینل کا مخصوص حصہ کھولا گیا ہے جس کے 6 کاﺅنٹرز کام کر رہے ہیں ۔ التمیمی نے پہلے تجرباتی مرحلے کے افتتاح کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیو ائیر پورٹ کے 4 تجرباتی مراحل رکھے گئے ہیں تاکہ مرحلہ وار تمام امور کا بغور جائزہ لیکر اگر کوئی نقص سامنے آئے تو اسے دورکیا جاسکے۔ التمیمی نے مزید کہا کہ دوسرا مرحلہ جولائی سے ستمبر تک جاری رہے گا جس میں داخلی پروازوں کےلئے امبارکیشن پوائنٹس میں مزید اضافہ کیا جائے گا ۔ تیسرے مرحلے کا اختتام دسمبر 2018میں ہو گا اور چوتھے تجرباتی مرحلے میں جو جنوری 2019 سے مارچ تک جاری رہے گا کے دوران بین الاقوامی پروازوں کی آمد ورفت بھی شروع کی جائے گی تاہم محدود پیمانے پر ۔ چاروں تجرباتی مراحل کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد مارچ کے اختتام پر ائیرپورٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ نیو شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوئی اڈے کا تجرباتی طور پر افتتاح کیا گیا پہلے مرحلے میں ائیر پور ٹ کے 6کاﺅنٹرز اورامیگریشن گیٹس مسافروں کےلئے کھولے گئے ۔ پہلی داخلی پرواز کے مسافروں کا خیر مقدم سول ایوی ایشن کے نگران اعلی اور ائیر پورٹ کے اعلی حکام نے کیا ۔ پہلی پرواز کے مسافروں میں تحائف تقسیم کئے گئے ۔

                         

شیئر: