پاک و ہند سمیت مختلف ممالک کے زائرین نے قباء میں افطار کیا، دینی اخوت کا مظاہرہ
مدینہ منورہ- - -- -پاک و ہند سمیت مختلف ممالک کے سیکڑوں زائرین نے مسجد قبا ء جو اسلامی تاریخ کی پہلی مسجد ہے،کے عظیم الشان افطار دسترخوان پر ایمان افروز ماحول میں روزہ افطار کیا۔ اس موقع پر اسلامی اخوت اور الفت و مودت کے روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔ ان دنوں دنیائے اسلام کے گوشہ گوشہ سے فرزندان دین رمضان المبارک کی رحمتیں اور انمول نعمتیں سمیٹنے کیلئے مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچے ہوئے ہیں۔ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کے ساتھ ساتھ اسلامی تاریخ کی پہلی مسجد قباء بھی زائرین کی غیر معمولی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ یہ وہ مسجد ہے جس کی قرآن کریم میں تعریف کی گئی ہے اور جس کی بابت یہ بتایا گیا ہے کہ اس کی بنیاد خداترسی پر قائم ہے۔ پیغمبر اسلام نے مکہ سے ہجرت کے بعد سب سے پہلے اسی مسجد کی بنیاد رکھی تھی۔ رمضان المبارک کے دوران یہاں داخلی اور خارجی صحنوں میں لگائے جانے والے افطار دسترخوان دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی یہاں قالین ، آب زم زم اور صفائی نیز ائیرکنڈیشنگ سمیت تمام مطلوبہ سہولتیں احسن شکل میں فراہم کئے ہوئے ہے۔ سیکورٹی اہلکار نمازیوں کو گاڑیوں او رزائرین کی بسوں کو مسجد کے مشرق او رجنوبی حصوں میں پارک کرانے کیلئے 24گھنٹے مستعد رہتے ہیں۔ افطار کے فوراً بعد دسترخوان لمحوں میں سمیٹ کر برق رفتار ی سے صفائی کا اہتمام بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ یہاں پاکستان او رہندوستان سے آنے والے زائرین اپنی حاضری کو لازوال یاد بنانے کیلئے تصاویر کھینچنے کا بھی اہتما م کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ یہ سب لوگ دست بدعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ مقدس شہروں کے خدمت گار سعودی عرب، اس کے قائدین اور عوام کو اسی طرح نعمتوں سے نہال کئے رکھے جس طرح کہ وہ مقامات مقدسہ اور اسلامی تاریخ کے یادگار مقامات کی نگہداشت میں تن ، من، دھن سے لگے ہوئے ہیں۔