Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میمن قدرتی طور پر انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوتا ہے، اقبال آفیسر

 خوش نصیبی کی علامت اور قدرت کا تحفہ ہے،ماسا کی جانب سے مہمان خصوصی کو سند اور تحائف 
جدہ( زبیر پٹیل ) انٹرنیشنل میمن آرگنائزیشن کے نائب صدر اور آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کے صدر اقبال میمن (آفیسر) کے اعزاز میں میمن ویلفیئر سوسائٹی سعودی عرب (ماسا) کی طرف سے افطار پارٹی و عشائیے کا اہتمام ایک مقامی ریستوران میں کیا گیا جس میں 130سے زائد مقامی و غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی جس میں جدہ سے معروف شخصیات محمد امین میمنی، محمد یوسف میمنی ، محمد چھاپڑا ، اقبال ایڈوانی، عبدالرحمان مرچنٹ اور لقمان میمن قابل ذکر ہیں۔ ماسا کے صدر عرفان کولسا والا نے مہمان خصوصی اقبال میمن کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اقبال میمن کے کام کی جتنی تعریف کی جائے کم ثابت ہوگی۔ انہی کی بدولت پوری دنیا کی میمن تنظیمیں آج ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ جنرل سیکریٹری طیب موسانی نے ماسا کی گزشتہ سال کی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ ماسا کی فلاح و بہبود کی خدمات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ سال کے دوران تعلیم کیلئے ضرورت مند طلباءکو امداد فراہم کی گئی اسی طرح مستحق افراد کی صحت اور دیکھ بھا ل وطبی امداد کیلئے بھی رقوم جاری کی گئیں۔ موجودہ حالات کے تحت وطن جانے والوں کو سفری ٹکٹ بھی کثیر تعداد میں فراہم کئے گئے اس کے علاوہ سوسائٹی مسلسل اس طرح کی مختلف فلاحی خدمات کمیونٹی کو پیش کرتی رہتی ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی اقبال میمن جو گزشتہ دنوں عمرہ کیلئے آئے تھے ۔ تقریب میں شرکت کی اور ماسا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سوسائٹی کی فلاح و بہبود کے شعبے میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ میمن قدرتی طور پر انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوتا ہے۔اس کے اندر خدمت کا یہ جذبہ پیدائشی ہے ۔ یہ خوش نصیبی کی علامت اور قدرت کا عظیم تحفہ ہے۔ دنیا بھر میں میمن برادری کی خدمات قابل ستائش ہیں۔جوائنٹ سیکریٹری رشید کاسمانی نے تقریب میں شرکت پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ماسا کی جانب سے اقبال میمن کو تعریفی سند اور تحائف پیش کئے گئے۔ طیب موسانی نے افطار اسپانسر امین المیمنی اور یوسف المیمنی کا شکریہ ادا کیا ساتھ ہی تمام اراکین مجلس عاملہ کا پروگرام بہتر طریقے سے ترتیب دینے پر شعیب سکندر، وسیم تائی، احمد کمال مکی کا شکریہ ادا کیا۔جس کے بعد تقریب کے شرکاءکی روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔
 
 

شیئر: