چیمپیئنز ٹرافی ہاکی کیمپ : پاکستانی ٹیم ہالینڈ پہنچ گئی
بریڈا، ہالینڈ:پاکستا نی ہاکی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کے تربیتی کیمپ کے تیسرے مرحلے میں شرکت کیلئے ہالینڈ پہنچ گئی ۔ترکی کے راستے ہالینڈ آمد کے بعد7 گھنٹے کے سفر سے تھکی ٹیم نے آرام کیا ۔ گزشتہ روز کیمپ کا باضابطہ آغاز ہوگیا ۔ جس کے دوران کھلاڑیوں نے نہ صرف فزیکل اور گیم ٹریننگ کی ۔ کیمپ کے دوران پہلی مرتبہ گول کیپر اور پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ غیر ملکی کوچز کی خدمات بھی حاصل ہیں۔ کیمپ اور پریکٹس میچزمیں عمدہ کارکردگی دکھانے والے 18 کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی کے د وران صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا جائیگا جبکہ باقی 4 کھلاڑی وطن واپس آجائیں گے ۔ یاد رہے کہ میگا ایونٹ23جون سے یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں کھیلا جائیگا جس میں پاکستان سمیت ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم، ہند اور ہالینڈ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف ہند کے خلاف23 جون کو مدمقابل ہوگی، 24 جون کوپاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ رکھا گیا ہے، 26 جون کو ہالینڈ کے خلاف اور 28 جون کو پاکستان کا مقابلہ ارجنٹائن کے ساتھ ہوگا ۔ میگا ایونٹ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم 29 جون کوبیلجیئم کے خلاف میدان میں اترے گی ۔