بیرون ملک پاکستانی ووٹ نہیں ڈال سکیں گے
اسلام آباد.. بیرون ملک پاکستانی 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابا ت میں پھر ووٹ کے حق سے محروم رہیں گے۔سپریم کورٹ میں تارکین وطن کے ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ غیر مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کے معاملے کا کیا ہوا۔ وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ لگتا ہے اس الیکشن میں بھی تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت نہیں مل سکتی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ درست ہے کہ فی الحال یہ کام ممکن نہیں ۔میری کوشش تھی کہ تارکین وطن کو یہ سہولت مل جائے۔اس وقت یہ کام کرنے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہو سکتا ہے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ تھرڈ پارٹی ایولیوایشن کے مطابق تارکین وطن کے لئے ای ووٹنگ منصوبے پر کام نہیں ہو سکتا۔ فی الحال بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت حالیہ عام انتخابات میں نہیں مل سکتی۔ آن لائن سسٹم پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔