لگتا ہے ن لیگ نے پہلے ہی ہار مان لی‘اعتزاز
لاہور... پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ انتخابات پر اثر انداز نہیں ہو گا ۔ حسن عسکری نے اپنے کالمز میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف پر بھی تنقید کی مگر لگتا ہے کہ (ن) لیگ نے انتخابات سے پہلے ہی ہار مان لی ۔پیپلز پارٹی آزادی صحافت کی علمبردار ہے۔ اسد کھرل پر حملے کے ملزمان کو بے نقاب کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی پی آزادی صحافت کی علمبردار ہے۔کسی پر بھی حملہ برداشت نہیں کریں گے ۔پیپلزپارٹی ہر فورم صحافیوں پر ہونے والے تشدد کے خلاف آواز بلند کرے گی۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے حوالے سے ا عتزاز احسن نے کہا کہ حسن عسکری درویش صفت آدمی ہیں۔ انہوںنے سیکڑوںکالم لکھے جس میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف پر بھی تنقید کی۔ اگر (ن ) لیگ والوں پر تھوڑی بہت تنقید کر دی تو کیا ہو گیا۔ انہوں نے ہمیشہ غیر جانبدارانہ پوزیشن لی ۔ لگتا ہے کہ (ن) لیگ نے انتخابات سے پہلے ہی ہار مان لی ہے اور (ن) لیگ بوکھلا گئی ہے۔ حسن عسکری کو متنازع بنایا جا رہا ہے تاکہ بعد میں کہا جا سکے کہ ان کی وجہ سے ہارے ۔ انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ انتخابات میں اثر انداز نہیں ہو گا ۔