زخمی ہونا کیریئر کا بدترین لمحہ تھا، فٹبالرمحمدصلاح
میڈرڈ: مصری فٹبالر محمد صلاح نے انکشاف کیا ہے کہ چیمپیئنز لیگ میں زخمی ہونے کے بعد انہیں رئیل میڈرڈ اور اسپین کی فٹبال ٹیم کے کپتان سرگیو راموس کا ایک پیغام ملا تھا لیکن انہوں نے جواباً اپنے زخمی ہونے کو معمول کا واقع قرار دینے سے اجتناب کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپانوی کھلاڑی نے ان کے ساتھ جو کچھ کیا اس پر وہ اسے کبھی معاف نہیں کریں گے ۔ چیمپیئنز لیگ فائنل میں زخمی ہونا ان کے کیریئر کا بدترین لمحہ تھا۔ یا د رہے کہ یوکرین میں ہونے والے فائنل کے دوران راموس نے انگلش کلب لیور پول کیلئے کھیلنے والے محمد صلاح کو اس طرح گرایا تھا کہ صلاح کا کندھا زخمی ہوگیا اور وہ نہ صرف اس فائنل سے باہر ہو گئے بلکہ مصر کی جانب سے ان کی ورلڈ کپ میں شرکت بھی خطرے میں پڑ ی ہوئی ہے۔ انجری سے بحالی کیلئے اسپین میں موجود مصری فٹبالر نے پہلی مرتبہ چیمپیئنز لیگ فائنل میں ہونے والے واقعے کے بارے میں لب کشائی کی ہے ۔ یاد رہے کہ عام تاثر یہی ہے کہ سرگیو راموس نے جان بوجھ کر صلاح کو اس انداز میں گرایا کہ وہ سنگین انجری کا شکار ہوکر میچ سے باہر ہو جائیں اور اس کوشش میں کامیاب بھی رہے لیکن اس معاملے میں باضابطہ طور پر کوئی بیان یا اقدام سامنے نہیں آیا اور صرف اندازے و قیاس آرائیاں ہی ہوتی آرہی ہیں ۔اس معاملے پر پہلی مرتبہ اپنے ردعمل میں محمد صلاح نے مزید کہا جب وہ راموس کی ٹکر سے گرے اور ان کا کندھا زخمی ہوا تو انہیں ابتدائی طور پرشدید جسمانی تکلیف اور فکر وپریشانی ہوئی۔ مجھے سخت غصہ اور دکھ بھی تھا کہ اب میں یہ فائنل میچ نہیں کھیل سکوں گا۔ چند منٹوں بعد مجھے یہ خیال آیا کہ ممکن ہے میں ورلڈ کپ بھی نہ کھیل سکوں اور یہی سب سے خوفناک اور تباہ کن لمحہ تھا ۔ بعد میں مجھے اس بارے میں رئیل میڈرڈ کے کپتان نے ایک پیغام بھیجا لیکن میں نے اس کے جواب میں ”سب ٹھیک“ ہے کا جواب نہیں دیا ۔