محمد صلاح کی فیفا ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک
کیف:مصر کی قومی فٹبال ٹیم کے اسٹار محمد صلاح کی فیفا ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہو گئی۔ محمد صلاح یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں رئیل میڈرڈ کے خلاف کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ ورلڈ کپ تقریبا 2 ہفتے بعد 14 جون سے 15 جولائی تک روس میں کھیلا جائے گا۔ مصر کو میگا ایونٹ میں گروپ اے میں میزبان روس، سعودی عرب اور یوراگوئے کا چیلنج درپیش ہو گا ۔ مصر کی ٹیم 15 جون کو یوراگوئے کے خلاف اپنا میچ کھیل کر ورلڈ کپ کا آغاز کرے گی۔ چیمپیئنز لیگ کے فائنل کے پہلے ہاف میں نہایت برے طریقے سے کندھے کے بل گرنے سے محمد صلاح کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے اس لئے ان کی ورلڈ کپ میں شرکت کے بارے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم دوسری جانب مصر فٹ بال ایسوسی ایشن کے حکام کا کہنا ہے کہ محمد صلاح نہایت بہادر اور حوصلہ مند ہیں اور انہیں پورا یقین ہے کہ میگا ایونٹ سے قبل وہ مکمل فٹ ہو جائیں گے۔