چیمپیئنز ٹرافی:پاکستان ہاکی ٹیم کے خطرناک عزائم
ایمسٹرڈیم: 23جون سے ہالینڈ میں شیڈول چیمپیئنزٹرافی ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ یورپی کنڈیشنز سے ہم آہنگی حاصل کرنے کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم3 جون سے ہی ہالینڈ کے شہر بریڈا میں موجود ہے اورغیرملکی کوچز کی نگرانی میں بھرپور تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان نے پہلے پریکٹس میچ میں ہالینڈ کے لیڈن ہاکی کلب کو صفر کے مقابلے میں 7گول سے ہرا دیا۔میچ کے دوران پاکستانی ٹیم مکمل طور پر چھائی رہی اور اس نے میزبان سائیڈ کے خلاف یکے بعد دیگرے گول کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ارسلان قادر بھر پور فارم میں دکھائی دیے ،انھوں نے ہیٹ ٹرک کر کے گرین شرٹس کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔میچ کے آغاز میں ہی پاکستانی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور پہلے کوارٹر میں 2 گول کرنے میں کامیاب ہو گئی، کھیل کے8 ویں منٹ میں ارسلان قادر نے گرین شرٹس کی طرف سے پہلا گول کیا جسے 12ویں منٹ میں عرفان جونیئر نے ڈبل کردیا، دوسرے کوارٹر میں بھی پاکستانی ٹیم نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور مزید 2گول بناکرمیچ پرگرفت مضبوط بنالی۔پاکستان کی طرف سے تیسرا گول ارسلان قادر نے22ویں منٹ میں کیا، 28ویں منٹ میں کپتان رضوان سینئر نے چوتھا گول کر کے میزبان سائیڈ کی میچ میں واپسی کے تمام راستے بند کردیے، تیسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم مزید ایک گول کرنے میں کامیاب رہی، یہ گول 43ویں منٹ میں دلبر نے کیا۔چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے مزید 2 بار گیند کو جال کے اندر پھینک کر میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا، ارسلان قادر نے 52وین منٹ میں نہ صرف گول کرنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ پاکستان کی کامیابی کی راہ مزید ہموار کر دی۔کھیل ختم ہونے سے3 منٹ قبل پاکستانی ٹیم نے ایک بار پھر عمدہ موو بنائی اور گیند کو حریف سائیڈ کے ڈی ایریا میں لے جانے میں کامیاب ہو گئی، وہاں پر پہلے سے موجود دلبر نے ساتھی کھلاڑی کے پاس پر انفرادی طور پر دوسرا جبکہ مجموعی طور پر ساتواں گول کر کے پاکستانی ٹیم کی فتح مضبوط کردی۔ پاکستان ہاکی ٹیم اپنا اگلا پریکٹس میچ ہالینڈ کے خلاف کھیلے گی، دونوں ٹیمیں 11جون کو ایک دوسرے کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گی۔