Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرنچ اوپن: رافیل نڈال 11ویں بار فاتح

 
پیرس: اسپین کے ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے پیرس میں کلے کورٹ پر آسٹریا کے ڈومینک تھیم کو فائنل میں ہرا کر11 ویں بار فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیت لیا۔32 سالہ نڈال نے فائنل میں اپنے حریف تھیم کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4 ، 6-3، 6-2 کے فرق سے زیر کیا۔ نڈال مارگریٹ کورٹ کے بعد ٹینس کی تاریخ کے دوسرے ایسے کھلاڑی ہیں جنھوں نے 11ویں بار فرنچ اوپن جیتا ہے۔اس سے قبل مارگریٹ کورٹ نے 1960 سے 1973ء کے دوران 11 مرتبہ آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیتا تھا۔رافیل نڈال نے اس کامیابی کے ساتھ ہی اپنے گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی تعداد 17 کر دی جو ان کے حریف کھلاڑی راجر فیڈرر کے ریکارڈ سے محض 3 ٹائٹل کم ہے۔نڈال نے فرنچ اوپن کے فائنل میں مشکلات کے باوجود بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔انھیں میچ کے تیسرے سیٹ میں انگلی کی انجری کا سامنا تھا اور ڈاکٹر کی مدد لینا پڑی تھی تاہم انھوں نے میچ جاری رکھا اور مسلسل دوسرے سال چیمپیئن بن کر ریکارڈ 11 مرتبہ فرنچ اوپن جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ واضح رہے کہ رافیل نڈال نے 2005 میں 20 برس کی عمر میں پہلی مرتبہ فرنچ اوپن چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔اس کے بعد وہ مسلسل 2008 تک چیمپیئن رہے تاہم 2009 ءمیں راجر فیڈرر نے ان سے یہ اعزاز چھین لیا تھا۔

شیئر: