مودی کی افتتاحی تقریب سے قبل طیارہ کی پرواز منسوخ
چھتیس گڑھ ۔۔۔۔۔چھتیس گڑھ کے بستر سے مقامی پروازوں کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی کرنے والے ہیں۔وزیر اعظم مودی بھلائی شہر سے ہوائی جہاز سروس کا رسمی افتتاح کریں گے لیکن بستر سے ہوائی جہاز سروس کے افتتاح سے قبل ہی یہاں کی فضائی خدمات متاثر ہو گئی ہیں جس سے بستر سے وشاکھاپٹنم جانے والی پرواز کے تمام ٹکٹ منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ٹکٹ منسوخ ہونے سے مسافروں میں غصہ کی لہر دوڑ گئی۔اس فضائی سفر کے لئے بہت سے مسافروں نے رائے پور سے بستر اور بستر سے وشاکھا پٹنم تک ٹکٹ بک کرالئے تھے۔ علاوہ ازیں وشاکھا پٹنم میں بھی ہوٹل بک کرا چکے تھے ۔جن مسافروں نے ٹکٹ بک کرائے تھے، انہیں بذریعہ ایس ایم ایس اور ای میل ٹکٹ منسوخ ہونے کی اطلاع دی گئی۔ایئر اوڈیشہ نے ٹکٹ کیوں منسوخ کئے، اس بارے میں کوئی صحیح معلومات نہیں دی گئیں۔بہت سے مسافروں نے اوڈیشہ ایئرکے خلاف صارفین فورم میں جانیکا پروگرام بنایا ہے۔دوسری جانب رائے پور ضلع انتظامیہ اور ایئر پورٹ اتھارٹی کے افسران سروس کے اجراء کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔