کئی شہروں میں تیز بارش‘ کراچی میں بوندا باندی کا امکان بھی ختم
لاہور- - - - عید الفطر کی تعطیلات کے دوران تیسرے دن ملک بھر کے مختلف شہروں میں تیز بارش ہوئی جس کے نتیجے میں موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان کی عید کی خوشی دوبالا ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے کئی شہروں میں تیز ہوا کے ساتھ شدید بارش ہوئی جس سے کئی ماہ سے جاری گرمی کی شدت میں کمی ہوئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پشاور میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ذرائع کے مطابق کئی علاقوں میں تیز بارش کی وجہ سے کچی آبادیوں میں سیوریج کے ناقص نظام کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور بجلی کے جانے سے شہری ذہنی اذیت کا شکار بن گئے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرمی برقرار ہے اور شہر میں بارش اور بوندا باندی کا امکان بھی ختم ہو گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق آج کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد اور سمندری ہواؤں کی رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکاڑڈ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں خصوصاً عید کے دنوں میں بوندا باندی ہونے کی پیش گوئی کی تھی تاہم شہری اس کا انتظار ہی کرتے رہ گئے۔