لکھنؤ: چار باغ ریلوے اسٹیشن کے قریب ہوٹل میں آتشزدگی،5افراد ہلاک
لکھنؤ۔۔۔۔لکھنؤ کے چار باغ ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ویراٹ انٹر نیشنل ہوٹل میں منگل کی صبح خوفناک آتشزدگی میں 7افراد بری طرح جھلس گئے جبکہ 5افراد کی موت ہوگئی۔آگ اتنی شدید تھی کہ ہوٹل سے متصل ایس ایس جے انٹر نیشنل ہوٹل میں بھی پھیل گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈکی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اورکافی جدو جہد کے بعد آگ پر قابوپانے میں کامیاب ہوئیں۔ایس ایس پی دیپک کمار نے بتایا کہ آگ ہوٹل کے تہ خانے میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت شعلوں کی زد میں آگئی۔زخمیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔
ریاستی دارالحکومت لکھنؤ میں دیگر اضلاع سے آکر امتحانات دینے والے طلبہ ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے جن کے پیپر چھوٹ گئے تھے۔مرنیوالوں میں ایک بچہ اور خاتون شامل ہیں جن کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔امدادو راحت رسانی کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر عمارت میں پھنسے تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے ،زخمیوں کو اسپتال پہنچانے اور نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کرنے کی کارروائی ہنگامی بنیاد پر شروع کردی۔
پولیس کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ہوٹل کی عمارت میں پھنسے 50افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ آئی جی ایس پانڈے نے بتایا کہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جارہا ہے۔ اگر ہوٹل کے ذمہ داروں کی لاپرائی سامنے آئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔