مریم نواز نے کروڑوں کی جائیداد ظاہر کردی
لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کی جانب سے انتخابات کےلئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں درج اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں جن کے مطابق مریم نواز چوہدری شوگر ملز، حدیبیہ پیپر ملز، حدیبیہ انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ، حمزہ اسپننگ ملز اور محمد بخش ٹیکسٹائل ملز سمیت 5 ملوں میں شیئر ہولڈر ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان میں 1506 کنال ایک مرلہ زرعی زمین کی مالک بھی ہیں جبکہ انہوں نے اپنے خاندان کی زیر تعمیر فلور مل میں 34 لاکھ 62 ہزار روپے کی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔ مزید تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے سوفٹ انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کو 70 لاکھ روپے بطور قرض دیا ہوا ہے۔انہیں مختلف اوقات میں 4 کروڑ 92 لاکھ روپے کے تحائف ملے ہیں اور ان کے پاس 17 لاکھ روپے کے زیورات ہیں۔ مریم نواز کے کاغذات کے مطابق وہ اپنے بھائی حسن نواز کی 2 کروڑ 89 لاکھ روپے کی مقروض بھی ہیں۔