سعودیوں کیلئے ایڈوانس میڈیکل انشورنس پالیسی جاری کریں گے، وزارت صحت
ریاض..... معاون سیکریٹری صحت ڈاکٹر محمد الصغیر نے واضح کیا ہے کہ سعودی شہریوں کیلئے کمرشل ہیلتھ سینٹر اسکیم مناسب نہیں ہوگی۔ اس کے متعدد اسباب ہیں۔ اہم ترین سبب یہ ہے کہ یہ معمر افراد اور لاعلاج امراض کے متاثرین کا احاطہ نہیں کرتی۔ محمد الصغیر نے الوطن اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودیوں کیلئے ایڈوانس میڈیکل انشورنس پالیسی جاری ہوگی وزارت صحت براہ راست مذکورہ سروس فراہم کرنے والی کمپنی یا ادارے سے براہ راست رجوع کرے گی۔ مقامی شہریوں کو کسی قید و بند کے بغیر جملہ صحت خدمات فراہم کرنے کا اہتمام کیا جائے گا۔ ایڈوانس میڈیکل انشورنس پالیسی کے تحت ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے والے اداروں سے طویل المیعاد معاہدے ہونگے ۔ منفرد خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ صحت خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں کسی طرح کی کوئی پابندی قابل قبول نہیں ہوگی۔ معاشرے کے تمام طبقا ت کا احاطہ کیا جائیگا۔ بیروزگاروں کو بھی میڈیکل انشورنس کی سہولت مہیا ہوگی۔ واضح رہے کہ روایتی ہیلتھ انشورنس میں معمر افراد ، لاعلاج امراض میں مبتلا لوگ ، پیوند کاری کے حاجت مند مریض اور دانتوں کی بیماریوں میں مبتلا افراد کا مکمل احاطہ نہیں کیا جاتا۔